کمٹہ:19؍ مئی (ایس اؤ نیوز ) کمٹہ میں عوام کا ایک حلقہ الزام لگارہا ہے کہ کمٹہ اسمبلی حلقہ میں مضبوط ومستحکم کانگریس پارٹی کو برباد کرنے کے لئے مارگریٹ آلوا ذمہ دار ہے، اس کے ساتھ ساتھ عوام کانگریس لیڈر اور سابق رکن اسمبلی شاردا شٹی پر بھی الزام لگارہے ہیں کہ ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض انہوں نے کانگریس کے اُمیدوار کو ہرانے کے لئے بی جے پی کی حمایت کی۔
اِن لوگوں کا کہنا ہے کہ مارگریٹ آلوا نے اپنے بیٹے کو سیاسی وجود فراہم کرنے کی غرض سے اُسے کانگریس کی ٹکٹ دلوائی اور کانگریس کو کمٹہ میں ملیامیٹ کرکے رکھ دیا۔ عوام کی مانیں تو کانگریس کی جانب سے شاردا شٹی کو ٹکٹ دیاجاتاتو اگر ہار بھی ہوجاتی تو اتنی بری ہار نہ ہوتی لیکن حالیہ اسمبلی انتخابات میں کمٹہ میں کانگریس کی جو درگت بنی ہے اس کو لے کر حلقہ کی سطح پر عوام کے درمیان بحث جاری ہے۔
حلقہ میں بی جےپی ، کانگریس اور جے ڈی ایس کے درمیان برابر کا مقابلہ تھا۔ کون جیتےگا یہ کہنا مشکل تھا۔ حلقہ میں مانا جارہا تھا کہ بی جےپی اُمیدوار دنیکر شٹی ، کانگریس کی شاردا شٹی اور جے ڈی ایس کےسورج نائک سونی کے درمیان کڑا مقابلہ ہوگا۔ لیکن آخری لمحات میں شاردا شٹی کوکنارے لگاتےہوئے نویدیت آلوا کو ٹکٹ دئیے جانے سے شارداشٹی نے سیاست کو ہی الوداع کردیا جبکہ شیوانند ہیگڈے بی جےپی میں شامل ہوگئے اور یوں کانگریس کا زوال پذیر ہوگئی۔
ایک طرف کانگریس مقابلے سے باہر ہوگئی اور بی جےپی اور جے ڈی ایس کے درمیان راست مقابلہ ہوا تو دوسری طرف جب نتائج کا اعلان ہوا تو کئی طرح کی باتیں سننے میں آرہی ہیں۔ عوام کے درمیان شاردا شٹی کو لے کر بھی الگ الگ بحث چل رہی ہے ایک حلقہ کہہ رہا ہے کہ شاردا شٹی نے کانگریس سے ناراض ہوکر اپنے دشمن دنیکر شٹی کو ہرانے کے لئے جے ڈی ایس کے سورج نائک سونی کی حمایت کی۔وہیں دوسرا حلقہ یہ کہہ رہا ہے کہ شاردا شٹی اور ان کے بیٹے روی راج شٹی نے اپنے ہی خاندان کے دنیکر شٹی کی حمایت کی ، جس کی وجہ سے بی جےپی کو جیت حاصل ہوئی ہے۔
جےڈی ایس کے سورج نائک سونی کا بھی خیال تھا کہ شارداشٹی کا گروپ ان کی حمایت میں کام کرے گا، اسی پس منظر کو سامنے رکھتےہوئے سورج سونی نے شاردا شٹی کے گھر پہنچ کر اُن کا آشیرواد بھی لیاتھا۔ لیکن اکثریتی طبقہ نامدھاری کا نمائندہ بن کر رکن اسمبلی منتخب ہونا ، کم ووٹ والے شٹی خاندان کے لئے خطرے کی گھنٹی سمجھا گیا ، یہی وجہ ہے کہ مستقبل میں اپنے سیاسی وجود کو باقی رکھنےکے خیال سے انہوں نے بی جے پی کی حمایت کی۔ یہی وجہ ہے کہ نامدھاری طبقہ کے سورج سونی بہت ہی کم ووٹوں سےہارگئے۔
مارگریٹ آلوا کے تعلق سے لوگوں کا کہنا ہے کہ وہ کمٹہ میں متحد ، مضبوط اور مستحکم کانگریس کے اندر توڑ پھوڑ کرتے ہوئے جس راستے سے وہ اُس کا بیٹا کمٹہ آئے تھے، وہ اسی راستے گھر چلے گئے۔عوام اس بات پر تعجب کا اظہار کررہے ہیں کہ مارگریٹ آلوا نے ابھی تک اپنے بیٹے نویدیت آلو کی ہار کے تعلق سے کوئی بات نہیں بتائی اور نہ کوئی وضاحت کی بلکہ اس معاملے کو لے کر خاموش رہنا ہی بہتر سمجھا ، لیکن کمٹہ حلقہ میں کانگریس کا گھر بکھر گیا ہے ، کوئی لیڈر نظر نہیں آرہاہے ، دیکھنا ہے کہ یہاں کانگریس دوبارہ اپنے وجود کو کیسےثابت کرتی ہے۔